عید الفطر کے روز ملک کے مختلف حصوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے جن میں ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔
سوات کے گدون امازئی علاقے میں دو مخالف گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد جان سے گئے اور دو زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ تھاجبکہ ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
بنوں کے مندھن تھانے کی حدود میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک بچہ اور ایک شخص جاں بحق ہو گیاجبکہ ایک فرد زخمی ہوا۔
ایبٹ آباد کے علاقے میرپور میں عید کی نماز کے بعد مسجد کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کے باعث پیش آیا اور تحقیقات جاری ہیں۔
کرک کے علاقے رحمت آباد میں ایک شخص نامعلوم وجوہات کی بنا پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
جنوبی وزیرستان کے گنگی خیل اسٹاپ پر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل شاہ حسین زخمی ہوا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
عمرکوٹ کے کھوسہ محلہ میں ایک شخص نے اپنی سابقہ بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے یہ اقدام اس وقت اٹھایا جب مقتولہ نے طلاق کے بعد دوسری شادی کر لی تھی۔
کراچی کے سپر ہائی وے فقیر گوٹھ میں ایک شخص کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کر دیا گیاجبکہ ایک اور شخص شدید زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ان تمام واقعات کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عید کے دوران عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔