شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں چلتی گاڑی میں آتشزدگی کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس، اسپتال اور ریسکیو حکام کے مطابق نیو کراچی کے علاقے میں وین میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن میں خاتون، 2 بچیاں، ایک بچہ اور ایک شخص شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، آگ لگنے کے بعد گاڑی ایک رکشے سے ٹکرانے کے بعد رُک گئی تھی جس کے بعد رکشے نے بھی آگ پکڑ لی تھی۔
متاثرہ خاندان کو آتشزدگی کا شکار ہونے والی گاڑی سے بروقت نکالا نہیں جا سکا تھا۔متاثرہ خاندان کے افراد شادی میں شرکت کے لیے جارہے تھے، جاں بحق ہونے والے 3 بچوں کی عمریں 12 سال سے کم ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چلتی گاڑی میں آگ لگی ہوئی تھی اور اسی حالت میں گاڑی رکشے سے جا ٹکرائی تاہم گاڑی میں موجود سلینڈر محفوظ ہے، اسپتال ذرائع کاکہنا ہے کہ دیگر 5 زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے کیونکہ ان کے جسم کا 90 فیصد تک حصہ جل چکا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ قیاس کیا جارہا تھاکہ تصادم کے باعث گیس سلنڈر پھٹنے سے آگی لگی تاہم گاڑی کا معائنہ کیا گیا تو پتا چلا کہ سی این سلنڈر اپنی جگہ صحیح سلامت موجود ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کاکہنا ہے کہ گاڑی میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سےلگی، ایسا لگتا ہے کہ گاڑی کے اندر پیڑول کی بوتل یا ڈرم رکھا ہوا تھا،کہ گاڑی میں کسی نے سگریٹ کے لیے آگ جلائی اور قریب ہی موجود پیٹرول نے آگ پکڑلی۔