وہاڑی: جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر ہمیں حکومت کرنے کا موقع دیا گیا تو پاکستان کو آئی ایم ایف یا ورلڈ بینک کا محتاج نہیں بننے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وہاڑی میں مہنگائی مخالف جلسے سے خطاب کے دوران امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عوام اسلامی نظام اور حقیقی تبدیلی کے خواہش مند ہیں۔ جماعتِ اسلامی ملک کو انصاف کا گہوارہ بنانے کیلئے حکومت تشکیل دے گی۔
عمران خان ملکی سیاست سے 10سال کیلئے غائب رہیں گے۔سیّد طلعت حسین
خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی حکومت میں پاکستان آئی ایم ایف یا ورلڈ بینک کا غلام نہیں ہوگا۔ پاکستانی پاسپورٹ کی عزت دنیا کے ہر ملک سے کرائیں گے۔ گورنر ہاؤسز عوامی مفادات کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔
امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ حکومت میں آئے تو گورنر ہاؤس میں یونیورسٹی اور کالج بنے گا۔ ہمیں عوامی حمایت اور ووٹ کی ضرورت ہے۔ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس کے حکمرانوں کی جائیدادیں ملک سے باہر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ پاکستان ایک عام آدمی نے بنایا تھا، کسی جاگیردار یا وڈیرے نے نہیں۔ پی پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی سودی نظام چلا چکے ہیں، میرا وعدہ ہے، جماعتِ اسلامی پہلا حکم سودی نظام کے خاتمے کا دے گی۔