کراچی: عدالت نے کارساز حادثہ کیس کی ملزمہ نتاشہ کی منشیات کے حوالے سے کیس میں بھی ضمانت کی درخواست منظور کرلی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ملزمہ نتاشہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہماری ایک ایف آئی آر میں درخواست ضمانت منظور کی جاچکی ہے، اس کیس کی مین ایف آئی آر میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ جب نتاشہ گاڑی چلا رہی تھی وہ اس وقت نشے کی حالت میں تھی، جس پر فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں بھی ابہام ہے کیونکہ بلڈ میں میتھا فیٹا مائن موجود نہیں لیکن یورین میں موجود تھا۔
جسٹس کے کے آغانے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کے متاثرین کی جانب سے ملزمہ کے ساتھ صلح کرلی گئی ہے، ملزمہ تین بچوں کی والدہ ہے اور پچھلے ڈیڑھ ماہ سے جیل میں ہے۔
واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے ملزمہ کے خلاف امتناع منشیات اور کار ڈرائیو کرنے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ملزمہ نتاشہ اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے درمیان صلح کے بعد حادثہ کیس میں ملزمہ کی ضمانت ہوچکی ہے جبکہ منشیات کیس میں ضمانت کے بعد جلد رہائی کا امکان ہے۔