کراچی: سندھ حکومت نے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز کل 15 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کل بروز منگل 15 جون سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں مزید بہتری آنے کی صورت میں پرائمری کلاسز 21 جون سے شروع کردی جائیں گی۔ اسکولوں کے سارے عملے کی ویکسینیشن لازمی ہوگی۔
سندھ کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کل بروز منگل 15 جون سے %50 حاضری کیساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کرونا کی صورتحال میں مزید بہتری آنے کی صورت میں پرائمری کلاسز 21 جون سے شروع کردی جائینگی۔ اسکولوں کے سارے عملے کو vaccinated ہونا لازمی ہوگا
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) June 14, 2021
خیال رہے کہ اِس سے قبل ملک کے 3 صوبوں سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ثانوی جماعت سے سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور تعلیمی ادارے کھول دئیے گئے۔
آج سے 7 روز قبل اسکولز، کالجز اور جامعات کو درس و تدریس کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی گئی۔
رواں ماہ 6 جون کے روز وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے تمام اسکولز اور تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیر سے تعلیمی عمل شروع کردیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے 3 صوبوں میں اسکول، کالج اور تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے