کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس،تمام صوبائی وزراء، مشیر، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور متعلقہ سیکریٹریز شریک ہوئے،شرکاء کوکورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
سندھ کابینہ کے اجلاس میں کورونا سے انتقال ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اورمریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 2733 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ٹیسٹوں کی کل تعداد 43949 ہوگئی، آج 341 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ آج مزید 4کورونا کے مریض انتقال کرگئے جس سے مرنے والوں کی تعداد 85 ہوگئی، 3946 مریض زیرعلاج ہیں جن میں 24 کی صورتحال خراب ہے،16 مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس حالات کے پیش نظر نجی اسکولوں کے بچوں کو 20 فیصد فیس میں رعایت دی گئی ہے، اسکول ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے، سندھ کابینہ نے اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کی اصولی منظوری دیدی، یہ رعایت اپریل اور مئی 2020 کیلئے ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ کا عوام کی غیر ضروری آمد ورفت بند کرانے کا حکم