سندھ اسمبلی کے پرنٹنگ اور پبلی کیشن بجٹ میں 50 کروڑ کی کرپشن کے باعث معاملہ محکمۂ اینٹی کرپشن کو بھیجنے کی سفارش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے شعبۂ پرنٹنگ اور پبلی کیشن کیلئے مختص بجٹ میں 50 کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی۔ سینئر اسپیشل سیکریٹری سندھ اسمبلی نے اسپیکر کو لکھے گئے خط میں معاملہ اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی سفارش کردی۔
ہماری حکومت آئی تو پاکستان آئی ایم ایف کا غلام نہیں ہوگا۔سراج الحق
سینئر اسپیشل سیکریٹری کا خط کے متن میں کہنا ہے کہ گزشتہ 38سال سے اب تک سندھ اسمبلی کا اجلاس 1 ہزار 785روز ہوا، 400روز کے اجلاس میں اظہارِ خیال، بحث اور دیگر کارروائی کا ریکارڈ موجود جبکہ 1 ہزار 384روز کا ریکارڈ تعطل کا شکار ہے۔
خط کے متن میں سینئر اسپیشل سیکریٹری کا مزید کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی اپنا کافی ریکارڈ گم بھی کرچکی ہے۔ قانون کے مطابق سیکریٹری سندھ اسمبلی کا فرض ہے کہ وہ ہر اجلاس کی کارروائی کی رپورٹ تیار کروائیں۔ ایم ایچ حسن شاہ کارروائی اور ریکارڈ کی حفاظت نہیں کرسکے۔
متن کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری حبیب سمیجو پرنٹنگ اینڈ پبلی کیشن کے بجٹ سے 50 کروڑ روپے کی بدعنوانی کے ذمہ دار ہیں۔ ایم ایچ ایم حسن شاہ کو غیر قانونی ترقی دی گئی۔ ملوث افسران کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جائیں تاکہ ریکارڈ مکمل کیاجاسکے۔