کرتارپور راہداری کے ذریعے پاکستان میں داخل ہونے والے سکھ یاتریوں کو ملک میں حالیہ مہنگائی کے سبب سبزیاں ساتھ لانی پڑ رہی ہیں، یاتریوں نے کہا کہ سبزیاں بھارت میں سستی ہیں۔
پاکستان میں ٹماٹر، پیاز اور دیگر سبزیوں کی ہوش ربا قیمتوں کے تناظر میں سکھ یاتریوں کو سبزیاں ساتھ لانی پڑ گئیں، کچھ سکھ یاتریوں نے کہا کہ بھارت میں ٹماٹر 20 سے 30 روپے کلو تک دستیاب ہے جبکہ پاکستان میں اس کی قیمت سینکڑوں میں ہے۔
سبزیاں ساتھ لانے والے یاتریوں نے بتایا کہ کچھ لوگوں کو یہ شبہ ہے کہ ہم بھارت سے یہاں آتے ہوئے جو سبزیاں لائے ہیں وہ یہاں فروخت کریں گے، لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
یاتریوں نے کہا ہماری عبادت گاہ میں جو لنگر تقسیم ہوتا ہے، اس میں حصہ ڈالنے کے لیے بھارت سے سبزی لائے ہیں جو عبادت گزاروں کو دیا جائے گا۔
بھارت سے آنے والے سکھ یاتری وہاں سے ٹماٹروں کے ساتھ ساتھ سبز مرچ، لہسن اور پیاز کے ساتھ ساتھ دیگر سبزیاں بھی لے آئے ہیں تاکہ لنگر تقسیم کے لیے کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
یاد رہے کہ اس سے قبل برطانوی سکھ برادری کی دو نمائندہ تنظیموں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام پر لائف ٹائم ایوارڈ دیا۔
برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے سٹی ہال میں 21 نومبر کو ہونے والی تقریب کی میزبانی سکھ فیڈریشن برطانیہ اور لندن رکنِ اسمبلی ڈاکٹر اونکار سہسوتا نے میئر لندن کے ہمراہ مشترکہ طور پر کی۔
مزید پڑھیں: برطانوی سکھ برادری کا لائف ٹائم ایوارڈ وزیر اعظم عمران خان کے نام