لاہور:خانیوال کے افسوس ناک واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہیں، پولیس نے تصدیق کی ہے کہ 15ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خانیوال میں پیش آنے واقعے میں شامل ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کا عمل اور گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خانیوال کی تحصیل میاں چنوں کے قصبہ تلمبہ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کے واقعہ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 15 مرکزی ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان میں محمد یعقوب، کاشف، محمد ریاض، ثقلین، محمد شان، آصف، ندیم، قیصر نذیز، عبد الغنی، محمد اسلم، محمد عامر، اعجاز، محبوب الرحمٰن، محمد بلال اور علی شیر شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی میں گرفتار ملزمان کو اینٹوں اور ڈنڈوں سے شہری اسلم پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور سنگین جرائم کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مزید ملزمان کی گرفتاری اور شناخت کا عمل جاری ہے، ابھی تک کل 85 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جن میں مرکزی ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں: میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں شہری ہلاک، وزیر اعظم کا سخت نوٹس