عبوری وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کیا گیا غزہ کا محاصرہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے۔
غزہ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں وزیرخارجہ نے کہاکہ بدھ کو جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کی انتظامیہ کمیٹی کا غیرمعمولی ہنگامی اجلاس ہورہاہے جس میں فلسطین کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاجائے گا، انہوں نے کہا کہ وہ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے جارحیت کا ارتکاب کیا ہے اور شہری آبادی پرفضائی حملے کیے ہیں جن کے نتیجے خواتین اوربچوں سمیت بے گناہ شہری شہید ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ کے محاصرے کی مذمت کرتا ہے۔
وزیرخارجہ نے پاکستان کا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کا احترام کیا جائے اور فلسطین کو ایک علیحدہ اورخودمختار ریاست کا درجہ دیاجائے گا۔
عالمی برادری اسرائیل کا ظلم، فلسطینیوں کا قتلِ عام بند کروائے۔شہباز شریف
جلیل عباس جیلانی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کرے جن میں فلسطینیوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔