انڈین سیاستدان، کانگریس رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ نوجوت کور سدھو کو ان کے شوہر کی جانب سے بیوی کے کینسر کے علاج کے حوالے سے کیے گئے دعوے پر چھتیس گڑھ سول سوسائٹی کی جانب سے 850 کروڑ روپے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
سول سوسائٹی نے سدھو سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے اور ان کی اہلیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے اور انتباہ کیا ہے کہ وہ سات دنوں کے اندر اپنے شوہر کی طرف سے کیے گئے متنازعہ دعووں کی صحت کے ثبوت پیش کریں۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب سدھو نے اپنی بیوی کو کینسر پر قابو پانے میں مدد کرنے کے لیے قدرتی علاج جیسے نیم، ہلدی، لیموں، پانی اور چقندر سمیت سخت خوراک کو کریڈٹ دیا۔
سدھو نے یہ دعوے ایک پریس کانفرنس میں کیے تھے، جس کے بعد میڈیکل سائنس سے وابستہ افراد کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا اور کینسر کے علاج کے حوالے سے سدھو کے دعوؤں کو مسترد کردیا تھا۔
چھتیس گڑھ سول سوسائٹی کے کنوینر ڈاکٹر کلدیپ سولنکی نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس طرح کے غیر ثابت شدہ طریقوں کو فروغ دینے کے خطرات پر روشنی ڈالی گئی۔ بزنس اسٹینڈرڈ کی رپورٹ کے مطابق سوسائٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ کینسر کے علاج کے بارے میں غلط بیانی دوسرے مریضوں کی صحت کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔