سیالکوٹ کے تھانہ صدر میں پولیس کے شدید جسمانی تشدد کے نتیجے میں پانچ بیٹیوں کے باپ، حاجی فریاد، جاں بحق ہوگئے۔
متوفی حاجی فریاد، جو گاؤں سواہلی کے رہائشی تھے، 2 دسمبر 2024 سے پولیس کی تحویل میں تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او اکرام شہباز کو معطل کر دیا اور ان کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ دفعہ 302 کے تحت درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
قبل ازیں، اگست 2024 میں لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ پولیس حراست میں تشدد، زیادتی اور قتل جیسے الزامات کی تحقیقات کرنا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی ذمہ داری ہے۔
زوبیدہ قریشی کی جانب سے حراستی تشدد کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے 19 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان نے 2010 میں اقوام متحدہ کے تشدد کے خلاف کنونشن پر دستخط کیے تھے۔
“اسی عہد کی بنیاد پر 2022 میں پاکستان میں حراستی تشدد کے خلاف بل منظور کیا گیا،” جج نے کہا، مزید یہ بھی واضح کیا کہ اسی سال انسانی حقوق کمیشن پاکستان کو قانون کے غیر جانبدارانہ اطلاق کو یقینی بنانے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔