کراچی: سندھ حکومت نے نیا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کے تحت صوبے بھر میں مزارات دوبارہ کھول دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نوٹیفیکیشن محکمۂ اوقاف سندھ کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں مزارات کی زیارت کیلئے جانے والے شہریوں اور زائرین کو کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمۂ اوقاف سندھ کا کہنا ہے کہ زائرین کو چاہئے کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ وزیرِ اوقاف سندھ سہیل انور سیال نے کہا کہ ماسک ضرور پہنیں اور سماجی فاصلے کا اہتمام بھی کریں۔
وزیرِ اوقاف سندھ نے کہا کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کا تحفظ ممکن بنانے کیلئے انہیں کورونا وائرس سے بچائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔ مزارات دوبارہ کھولنے کا فیصلہ عوام کے بہترین مفاد میں کیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر قابو پانے کے لئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اسلام آباد کے دفاتر میں 50 فیصد حاضری برقرار رکھنے پر دوبارہ اتفاق کیا جبکہ مزارات بند کردئیے گئے۔
این سی او سی اجلاس میں کہا گیا کہ کہ صوبے اپنی صوابدید کے مطابق فیصلہ کریں، تفریحی پارک ملک بھر میں شام 6 بجے بند جبکہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے باہر بیٹھ کر کھانے کی اجازت ہوگی۔ 13 روز قبل این سی او سی اجلاس میں مزارات اور سینما کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: این سی اوسی کا پابندیوں پراتفاق، پارکس ، سینما، مزارات دوبارہ بند کرنیکا فیصلہ