کراچی کے علاقے سی ویو کے ساحلِ سمندر پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کیلئے آپریشن ایک بار پھر شروع کردیا گیا جس میں آج کامیابی کا امکان بڑھ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلویج کمپنی کے ورکرز ہینگ ٹونگ جہاز کو ٹگ بوٹ سے باندھنے میں کامیاب ہوگئے، کمپنی نے کامیابی کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔
سیلویج کمپنی کا کہنا ہے کہ آج ساحلِ سمندر پر پھنسے ہوئے جہاز کو نکالنے کیلئے جاری آپریشن میں ٹگ بوٹ سے باندھنے میں کامیابی کے بعد آپریشن کامیاب ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سی ویو پر پھنسے ہوئے بحری جہاز کو نکالنے کا آپریشن مشکلات کا شکار ہوگیا، جہاز کو نکالنے والی کرین شپ خود ریت میں پھنس گئی تھی۔
رواں ہفتے کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے آپریشن میں مسلسل مشکلات کا سامنا رہا۔گزشتہ روز سمندر کے مزاج کو مدنظر رکھتے ہوئے کرین شپ جہاز کے قریب پہنچائی گئی جو لہروں کا مقابلہ نہ کرپائی۔
آپریشن شروع کرنے کیلئے لائی گئی کرین شپ بحری جہاز کو نکالنے کی بجائے خود ریت میں پھنس گئی۔ توازن سنبھالنے کیلئے باندھے گئے جوڑ اور رسیاں ہوا کے دباؤ سے ٹوٹ کر الگ ہو گئیں۔
مزید پڑھیں: پھنسے ہوئے بحری جہاز کو نکالنے کا آپریشن، کرین شپ ریت میں پھنس گئی
قبل ازیں حکومتِ پاکستان نے سی ویو پر پھنسا ہوا بحری جہاز ناکارہ قرار دے کر تحویل میں لے لیا، وفاقی وزارتِ بحری امور نے کپتان کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔
آج سے 2 روز قبل وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی کی زیرِ قیادت وزارت نے سی ویو پر پھنسے ہوئے بحری جہاز کے کپتان کو تحریری طور پر جہاز کے ناکارہ ہونے سے متعلق آگاہ کردیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے پھنسا ہوا بحری جہاز ناکارہ قرار دے کر تحویل میں لے لیا