راولپنڈی: سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنی رہائش گاہ کے خلاف قانونی کارروائی پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لال حویلی ایک تاریخ ہے، کوئی نائن زیرو نہیں جسے ختم کیا جاسکے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کا قومی اسمبلی کی 8 میں سے 6 نشستیں جیتنا عالمی ریکارڈ ہے۔ 16 وزارتوں کی تحقیق و تفتیش میں تمام اداروں کو میرے خلاف کچھ نہیں ملا۔
قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پر کامیابی، عمران خان نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا
عمران خان کا8میں سے6نشتیں جیتناعالمی ریکارڈہے16وزارتوں کی تحقیق اورتفشیش میں تمام اداروں کو میرے خلاف کوئی چیزنہیں ملی اب3مرلےکی لال حویلی نکال دی ہےلال حویلی کوئی نائن زیرونہیں ناہل حکمران اپنےلیےرسوائی اور ہمیں مزیدپزیرآئی دےرہےہیں لال حویلی ایک تاریخ ہےجسےکوئی ختم نہیں کرسکتا
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 17, 2022
ٹوئٹر پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ اداروں کو میرے خلاف کوئی چیز نہیں ملی۔ اب 3 مرلے کی لال حویلی نکال دی ہے۔ لال حویلی کوئی نائن زیرو نہیں۔ نااہل حکمران اپنے لیے رسوائی اور ہمیں مزید پذیرائی دے رہے ہیں۔ لال حویلی ایک تاریخ ہے جسے کوئی ختم نہیں کرسکتا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید احمد کو لال حویلی سے بے دخلی کا نوٹس بھیجا تھا۔ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق اپنے وکیل سردار عبدالرزاق کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خورشید عالم بھٹی نے متروکہ وقف املاک بورڈ کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ شیخ رشید کے وکیل کا کہنا تھا کہ مرکزی کیس عدالت میں چل رہا ہے جس کی 24 تاریخ مقرر ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو سیاسی انتقام کیلئے بے دخلی کا نوٹس بھجوایا گیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ سیاسی دباؤ میں آ کر لال حویلی پر پولیس کے ذریعے چڑھائی کرنا چاہتا ہے جبکہ لال حویلی شیخ رشید کی ذاتی ملکیت ہے۔ عدالت نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ کو کل طلب کر لیا۔