اسلام آباد: وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے حکمتِ عملی پر ہدایات لینے کیلئے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات آج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیرِ اعظم عمران خان کی ملاقات آج وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔ اپوزیشن اتحاد کا اہم اجلاس بھی آج ہورہا ہے جس میں استعفوں اور لانگ مارچ پر غور کیا جائے گا جس کے خلاف حکومت نے حکمتِ عملی تشکیل دینا شروع کردی۔
وزیرِ اعظم عمران خان شیخ رشید احمد سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں آج دوپہر کے وقت ملاقات کریں گے۔ شیخ رشید احمد ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم کو لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ لانگ مارچ کے موقع پر امن و امان سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی زیرِ صدارت تحریکِ انصاف قیادت کے اہم اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی جبکہ اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر قومی معاملات زیرِ غور آئے۔
تفصیلات کے مطابق 7 روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پی ٹی آئی قیادت کے اہم اجلاس میں وزیرِ داخلہ عدم شرکت کو سیاسی حلقوں میں حیرت کی نظر سے دیکھا گیا۔اجلاس میں سینیٹ انتخابات پر مشاورت ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: عمران خان اورشیخ رشیدمیں اختلافات،وزیراعظم نے اجلاس میں نہیں بلایا