سندھ ہائیکورٹ کا رہائشی، کمرشل اور رفاعی پلاٹوں سے قبضہ ختم کرانے کا حکم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

SHC orders to end occupation of residential, commercial and welfare plots In Karachi

کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے رہائشی، کمرشل اور رفاعی پلاٹوں سے قبضہ ختم کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جن کے پلاٹ ہیں ان کو کمیٹی میں شامل کیاجائے۔

پیر کوسندھ ہائیکورٹ میں گلستان جوہر میں زمین پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت عالیہ نے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر کمشنر کراچی، کے ڈی اے، پولیس اور دیگر حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔

سماعت کے دوران ڈی جی کے ڈی اے کی جگہ ڈائریکٹر کے ڈی اے کی پیشی پر عدالت نے افسران کو جھاڑ پلادی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈائریکٹر کے ڈی اے کی کیا حیثیت ہے، قبضہ مافیا نے تو اس کی پٹائی لگا دی تھی۔ قابضین نے ڈائریکٹر کے ڈی اے کو روکے رکھا تھا بلکہ بیٹھا دیا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ پولیس کو ساتھ لیے بغیر قبضہ ختم کرانے چلے گئے تھے۔ بتایا جائے قبضہ ختم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ ڈی جی کے ڈی اے پیش کیوں نہیں ہوئے؟وکیل کے ڈی اے نے بتایا کہ ڈی جی کے ڈی اے حال ہی میں تعینات ہوئے ہیں جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ پیش ہونے میں کیا جاتا ہے، ان کے پاؤں میں مہندی لگی ہے؟ ویسے بھی کے ڈی اے کے پاس قبضہ ختم کرانے کی صلاحیت ہی نہیں۔

سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ کمشنر کراچی میں اسٹیک ہولڈرز کی میٹنگ رکھی گئی۔عدالت نے کہا کہ میٹنگ میں کچھ فیصلہ ہوا ہوگا؟ اقدامات کیا کیے؟ دفتر کے باہر بیٹھ کر تو واپس نہیں آگئے؟عدالت نے کے ڈی اے حکام سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ زبانی باتیں مت کرو، بتا قبضہ کیسے ختم کرایا جائے گا؟ قبضہ مافیا کو نکالنے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟ کوئی ٹائم فریم بنایا ہوگا۔ خالی ہاتھ لگانے سے کچھ نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں:سندھ ہائیکورٹ، کورنگی میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کی رپورٹ طلب

سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ علاقے میں پانج پولیس چوکیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہر پولیس چوکی پر چار پانچ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جس پرعدالت نے پوچھا کہ کب آپریشن کیا جائے گا؟ پولیس اور رینجرز کی مدد درکار ہوگی تو لیں۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ قبضہ مافیا نے تو جنگ کی تیاری کر رکھی ہوتی ہے پہلے بھی خندقیں کھود دی تھیں۔

ایس ایس پی اور ڈی آئی جی سطح کا افسر ساتھ لے کر جائیں اور کام کریں۔درخواست گزار طلعت اعجاز نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود لینڈ مافیا باز نہیں آرہے۔

کے ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں کا کوئی افسر بات سننے کو تیار نہیں۔عدالت نے پلاٹوں کو خالی کرنے سے متعلق جامع پلان طلب کرتے ہوئے 30 روز میں قابضین سے قبضہ ختم کرا کر زمین واگزار کرنے کا بھی حکم دیا۔

Related Posts