اسلام آباد: پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں عید الفطر کل، بروز پیر 31 مارچ 2025 کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی منعقد ہوئے، جہاں موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں شوال کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں عید الفطر 31 مارچ بروز پیر کو منائی جائے گی۔
چاند نظر آنے کے باضابطہ اعلان کے بعد ملک بھر میں عید کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ بازاروں، تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں رش بڑھ گیا ہے جبکہ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف ہے۔
درزیوں کی دکانوں پر رش بڑھ گیا ہے اور مٹھائی کی دکانوں پر بھی گاہکوں کا ہجوم دیکھا جا رہا ہے۔
نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ہوں گے، جن میں علماء کرام امت مسلمہ کی یکجہتی، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔
عید کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ،تمام بڑے شہروں میں پولیس، رینجرز اور دیگر سیکورٹی ادارے متحرک ہیں تاکہ عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مساجد، عیدگاہوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔
عید کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ شہری دورانِ سفر احتیاط برتیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دن ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گاتاہم بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔