اسلام آباد: سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے اسحاق ڈار کا معیشت پر مناظرے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ مناظرہ کر لیں، جبکہ ہم شہباز شریف کو چیلنج دیتے ہیں کہ عمران خان سے براہِ راست بحث کریں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر شوکت ترین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان سے مناظرہ تو دور کی بات، اسحاق ڈار میرے سوالات کا جواب دے دیں۔ مجھے بھگت کر دکھائیں۔ بھڑکیں نہ ماریں۔
اسحاق ڈار کا معاشی بحران پر عمران خان کو لائیو مناظرے کا چیلنج
بیان میں سابق وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اسحاق ڈار عمران خان کو چیلنج دے کر سیاسی قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔ آپ تو خود اپنی کارکردگی سے پریشان ہیں۔ وطن واپسی پر بڑے بڑے دعوے کیے گئے۔
سابق وفاقی وزیر شوکت ترین نے کہا کہ اگر حکومت اپنا ہی اکنامک سروے پڑھ لے تو اسے ہماری کارکردگی معلوم ہوجائے گی۔ موجودہ حکومت تو آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ چکی ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط پر حکومت بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت 50 روپے جبکہ پیٹرول پر ٹیکس عائد کرکے اس کی قیمت میں اضافہ کرنے والی ہے۔