اسلام آباد: ن لیگی رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے تاکہ شک اور ابہام دور ہوجائے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین الیکشن کمیشن کو صاف و شفاف الیکشن کرانے کا پابند کرتا ہے۔ نئی حلقہ بندیاں ہوئیں تو الیکشن کمیشن کو اس کیلئے وقت دینا ہوگا۔
کراچی کے شہریوں کا بجلی بلز کیخلاف میدان میں آنے کا اعلان
گفتگو کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن فروری کے آخر یا مارچ تک ہوں گے جو کسی پارٹی یا حکومت کے نہیں، الیکشن کمیشن کے اختیار میں ہے۔ الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا فرض ہے۔ نگراں حکومت کو غیر جانبدارہونا چاہئے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نگراں حکومت 5 سے 6 ماہ تک چلے گی جس کی مدت پر الیکشن کمیشن کو سامنے آ کر ابہام دور کرنا ہوگا۔ سی سی آئی کا جو فیصلہ ہوا، اس میں پیپلز پارٹی شامل تھی۔ سیاسی حربے پی پی پی کا حق ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت سیاستدانوں کے بغیر نہیں چلتی۔ اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر سوچنا ہوگا کہ ہم ناکام کیوں ہوئے؟ ہم ناکام اس لیے ہوئے کیونکہ الیکشن چوری کیے گئے۔ اسمبلیوں میں وہ لوگ آئے جن کی جگہ نہیں تھی۔