کراچی: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملکی مسائل حل کرنے کی کوئی کوشش نظر نہیں آتی جبکہ نیب وہ ادارہ ہے جس نے ملک کو مفلوج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم آتے ہیں، بیٹھے رہتے ہیں، پھر تاریخ ملتی ہے جبکہ نیب ملک کو مفلوج کرنے والا ادارہ ہے۔ پانچواں سال ہے، کیس چل رہا ہے۔
عام انتخابات میں تاخیر کا مطلب الیکشن سے انکار ہے۔بلاول بھٹو زرداری
گفتگو کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آپ عدالتوں میں کیمرے لگائیں اور دکھائیں کہ کیا ناانصافیاں ہوتی ہیں۔ گزشتہ حکومت نے نیب قوانین میں 5 ترامیم کیں۔ سابق چیف جسٹس نے تمام نیب ترامیم کالعدم قرار دے دیں۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے کبھی نیب ترامیم کے تحت کوئی درخواست نہیں دی۔ مجھ پر پی ایس او کے ایم ڈی کی غلط تعیناتی کا الزام ہے۔ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ بتائیں، کیا غلطی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ افسران کا یہ حال دیکھ کر دیگر عملہ بھی کام کرنے کو تیار نہیں۔ نیب کا کام جوڑ توڑ کرنا ہے، اور کچھ نہیں۔ سیاست دانوں کے خلاف مقدمات کو استعمال کیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس اور نئے چیئرمین نیب صورتحال کا نوٹس لیں۔