اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے سب کو ایک ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، کوئی تنہا یہ مسائل حل نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نیب کا ادارہ ہے، ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ نیب ملک کو تباہ کرنے والا ادارہ ہے جس نے کسی کو انصاف نہیں دیا۔
نیب نے قاسم سوری کے خلاف انکوائری شروع کر دی
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے صرف سیاسی مداخلت کی۔ نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ وہ خود کرسکتے ہیں، جاوید لطیف ایسے سوالات کے جواب دیتے رہتے ہیں۔ نواز شریف کا علاج چل رہا ہے۔
گفتگو کے دوران سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر نواز شریف پاکستان میں ہوں گے تو ن لیگ کو فائدہ ہوگا۔ گزشتہ 2سال میں تمام جماعتوں نے حکومت کی، تاہم مسائل حل نہیں ہوئے ہیں۔ ملک کو فائدہ دینے والی اصلاحات لانی ہوں گی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملک تقسیم کا شکار ہے، اداروں کے درمیان فاصلوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ معاملہ سیاسی نہیں، ملکی مفاد کا ہے۔ سیاست نفرت اور دشمنی میں بدل چکی ہے۔ صدرِ مملکت بھی اس معاملے میں فریق کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے علاوہ مسائل حل کرنے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں، اس کے بغیر نہ حکومتیں بنیں گی نہ ہی عوامی رائے کا پتہ چلے گا۔ یہ الیکشن کمیشن کا فرض ہے۔ صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے والوں کی نیت دیکھنی چاہئے۔