پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین شاہد آفریدی راشن تقسیم کرنے کی مہم کے سلسلے میں ملتان پہنچ گئے جہاں انہوں نے مہم میں ساتھ دینے پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کا شکریہ ادا کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ملتان کے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور ان کی ٹیم نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی ڈونیٹ کرونا مہم کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم نے ملتان میں مہم کے دوران سماجی فاصلے کے تمام پروٹوکولز کی پیروی کی جبکہ ملتان سلطانز کے لیے کھیلتے ہوئے پنجاب کا شہر ملتان میرے لیے ہوم گراؤنڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم نے ملتان میں 500 خاندانوں کے درمیان راشن بیگز تقسیم کیے جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن ہے جس کے دوران میں عوام کو دعوت دیتا ہوں کہ ہماری ڈونیٹ کرونا ڈرائیو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
https://www.instagram.com/p/B_Uau9-FL4w/