احتساب عدالت لاہور میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس زیرِ سماعت ہے تاہم آج شہباز شریف کی جگہ میڈیکل رپورٹس کی پیشی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شہباز شریف آج حاضر نہیں ہوں گے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو اسلام آباد سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا گیا تھا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق شہباز شریف آج عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ عدالت میں شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس پیش کی جائیں گی۔ عدالت کو آگاہ کیا جائے گاکہ شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہے۔ استدعا کی جائے گی کہ عدالت میں حاضری سے استثناء دیاجائے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی تباہ کردیا گیا، معیشت صفر ہوچکی ہے اور مستقبل میں بھی بہتری کی کوئی امید دکھائی نہیں دے رہی۔
شہباز شریف نے گزشتہ روز پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی دانش کوبھی بروئے کار لائیں تو ملک کی معاشی ترقی کو واپس لانا آسان نہیں۔ ملک کی تباہی و بربادی کیلئے قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی ترقی کو جس طرح تباہ کیاگیا، قوم کبھی معاف نہیں کریگی، شہباز شریف