کراچی: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بیس بیس گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جادو ٹونے سے نہیں بلکہ نواز شریف کی محنت اور جدوجہد سے ختم ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی و ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے آج سابق وزراء مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب اور ن لیگی رہنما محمد زبیر سمیت دیگر کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی۔
بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ نے پاکستان ہمیں انعام کے طور پر عطا کیا ہے۔ یہاں قانون کی حکمرانی ہوگی اور ہر ایک کو اس کی محنت کا صلہ ملے گا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ قائدِ اعظم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا۔ آج ہم اپنے قائد سے شرمندہ ہیں کہ ان کے فرمودات کو فراموش کیا۔
گفتگو کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دو لخت ہوگیا اور ہم نے پھر بھی سبق نہیں سیکھا۔ ہمیں اقوامِ عالم میں ممتاز مقام حاصل کرنا تھا اور ہم آج بھی اپنی منزل سے بہت دور ہیں۔
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ اگر ہم عہد کریں تو دیانت داری اور محنت سے آج بھی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں عدل و انصاف اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو، غربت کا خاتمہ کیا جائے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ قائدِ اعظم کے احسان کو پوری قوم فراموش نہیں کرسکتی۔ ملک میں بیس بیس گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کسی جادو ٹونے سے نہیں، نواز شریف کی محنت اور جدوجہد سے ختم ہوئی۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ 2023 کے انتخابات شفاف ہونے چاہئیں۔ آئندہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کی خدمت کا موقع ملنا چاہئے۔ موجودہ حکومت نالائق اور نااہل ہے۔ افغانستان کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 74 سال میں اسٹیبلشمنٹ نے کسی حکومت کو اتنا سپورٹ نہیں کیا جتنا موجودہ حکومت کو کیا۔ عوام جسے موقع دیں، انہیں خدمت کا موقع دینا چاہئے جبکہ موجودہ حکومت چور دروازے سے آئی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا سندھ کو کچھ نہیں دیا، شہباز شریف