اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی گانے کی شوٹنگ پر دی گئی وضاحتیں جھوٹی ہیں جبکہ اِس عمل کی سزا ہونی چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے اداکار بلال سعید کی طرف سے دی گئی وضاحت پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو خیال کرنا چاہئے تھا اور اب بلال سعید اور صبا قمر صاحبہ اِس پر جھوٹی وضاحتیں فرما رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید نے گانے کی ویڈیو شوٹنگ مسجد وزیر خان میں کی جس پر عوام ناراض نظر آتے ہیں جبکہ گلوکار بلال سعید نے وضاحت کی کہ مسجد وزیر خان میں صرف نکاح کے مناظر دِکھائے گئے ہیں نہ کہ موسیقی یا رقص۔ لوگوں کی غیر ارادی طور پر دلآزاری پر معذرت خواہ ہیں۔
اپنے پیغام میں ڈاکٹر شہباز گِل نے اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کی مسجد میں رقص کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بالکل غلط کیا اور اِس پر آپ کو غلط وضاحتیں نہیں دینی چاہئیں۔ متعلقہ حکام (چیف سیکریٹری) کو پروڈکشن ٹیم اور محکمۂ اوقاف کے خلاف کارروائی اور مقدمہ کرنا چاہئے تاکہ انہیں سزا ہو۔
آپکو خیال کرنا چائیے تھا۔اور اب آپ اور صبا صاحبہ اس پر جھوٹی وضاحتیں فرما رہے ہیں۔ آپ نے بلکل غلط کیا اور اس پر آپکو غلط وضاحتیں نہیں دینے چاہئیں۔
مطلقہ حکام (چیف سیکرٹری صاحب) کو پروڈکشن ٹیم اور محکمہ اوکاف کہ خلاف کاروائی کرنی چائیے۔ ان پر مقدمہ ہونا چاہیے تاکہ انہیں سزا ہو https://t.co/8i9wKzLbS1
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) August 9, 2020
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ صبا قمر کے مطابق صرف نکاح کا سین شوٹ ہوا تھا، فنکار اور ادیب معاشرے میں اخلاقیات کو پروان چڑھاتے ہیں۔ وہ اخلاقی اقدار کے باغبان ہوتے ہیں۔ ہمارے تو چند فنکار بھی دیدہ دلیری سے جھوٹ بولتے ہیں۔ مسجد کی بے توقیری کسی صورت قبول نہیں۔
اور یہ محترمہ @s_qamarzaman فرما رہی ہیں کہ صرف نکاح کا سین شوٹ کیا تھا۔ فنکار اور ادیب معاشرے میں اخلاقیات کو پروان چڑھاتے ہیں۔وہ اخلاقی اقدار کے باغبان ہوتے ہیں۔ہمارے تو چند فنکاربھی دیدہ دلیری سے جھوٹ بولتے ہے۔مسجد کی بے توقیری کسی صورت قبول نہیں۔ https://t.co/QgD9BQfROs
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) August 9, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستانی اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید نے مسجدوزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ ٹوئٹر پر صبا قمر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
ٹوئٹر پر آج صبا قمر آج کا دوسرا بڑا ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے جس کے تحت اب تک 14 ہزار 400 سے زائد پیغامات بھیجے جا چکے ہیں جن میں مسجد میں رقص کی ویڈیو پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: مسجد میں گانے کی شوٹنگ پر سوشل میڈیا صارفین ناراض ہو گئے