اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تعلیم کورونا وائرس سے صحتیاب ہو گئے، شفقت محمود نے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کے بعد آج سے ڈیوٹی پر واپسی کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں کورونا وائرس سے مکمل طور پر صحتیاب ہوگیا ہوں۔
پیغام میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کورونا ویکسین کو صحتیابی کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے تازہ ترین کورونا ٹیسٹس کا نتیجہ منفی آیا اور آج سے میں کام پر واپس آرہا ہوں۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ مجھے کورونا کی معمولی علامات کی تشخیص ہوئی اور میں کورونا سے جلد صحتیاب ہوا جو بے شک ویکسین کے مثبت اثرات کہے جاسکتے ہیں۔
وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ میری جلد صحتیابی سے صاف ظاہر ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کام کرتی ہے اور وائرس کی بد ترین عالمی وباء کے خلاف دفاع کا بہترین ذریعہ ہے۔
By the grace of Allah I have fully recovered. My latest two tests are negative. Going back to work today. The mild symptoms and quick recovery are without a doubt because of the vaccination . Clearly vaccines work and are the best defence against this horrible disease
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) June 2, 2021
خیال رہے کہ ملک بھر میں گرمیوں کی چھٹیوں اور امتحانات کے انعقاد سے متعلق بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس آج ہوگا جس کے دوران کورونا وائرس صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
آج بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کریں گے جو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں ہوگا۔ اجلاس میں کورونا کیسز کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوگی۔
مزید پڑھیں: وزرائے تعلیم اجلاس میں امتحانات سے متعلق فیصلے آج ہوں گے