فیڈرل بورڈ آف ریونیو چیئرمین شبر زیدی کااپنی ذمہ داری نبھانے سے معذرت کرتے ہوئے کا کہنا ہے کہ صحت کی خرابی کے باعث دوبارہ ڈیوٹی جوائن نہیں کرسکتا جبکہ فیصلے سے متعلق اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ڈاکٹرز نے شبر زیدی کو ذہنی تناؤ سے بچنے کیلئے آرام کا مشورہ دیا تھا جبکہ سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی 31 جنوری کو دوسری بار چھٹیوں پر گئے تھے۔ 5238 ارب کے پہاڑ جتنے ٹیکس ہدف میں ناکامی، ٹیکس اصلاحات میں رکاوٹیں، عدالتوں میں کرپشن کیسز کی پیروی نے شبر زیدی کوشدیدذہنی دباؤ میں مبتلا کیا۔
شبر زیدی کی بطور چیئرمین تعیناتی کے بعد ٹیکس محاصل میں 16 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ،مقامی ٹیکس ریونیو 28 فیصد سے زیادہ بڑھا،27 لاکھ ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے لیے پوائنٹ آف سیلز سسٹم کے تحت 5783 ریٹیلرزکو ایف بی آر کے سسٹم سے منسلک کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی معاشی ٹیم عدم استحکام کا شکا ر ہے ، ٹیکس اہداف میں ناکامی کی وجہ سے شبر زیدی اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے درمیان تلخی نے شبر زیدی کو عہدہ چھوڑنے کی ترغیب دی، ملک کے سینئر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ شبر زیدی صاحب کی قابلیت پر کسی کو کوئی شبہ نہیں ، وہ ٹیکس بچانے یا کم سے کم ٹیکس ادا کرنے کے تمام طریقوں سے واقف تھے۔
ایسے شخص کو ایف بی آر کا چیئرمین تعینات کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم وزیراعظم عمران خان نے شبرزیدی کو انتہائی اہم ذمہ داری سونپی لیکن راہ میں حائل رکاوٹوں نے شبرزیدی کو بھی میدان چھوڑنے پر مجبورکردیا۔پاکستان کے کاروباری حلقوں سے اہم تعلق کی وجہ سے شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنا عمران خان کا اہم فیصلہ تھا تاہم حکومتی صفوں میں بھی یہ تاثر عام ہے کہ مافیا شبرزیدی کے کام میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، شبر زیدی اپنے ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے بعد ازاں وکٹ پر آنے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئے ۔
شبر زیدی اچھے ارادوں کے ساتھ آئے تھے لیکن ایف بی آ ر میں چلنے کے لئے بڑی مشکلات درپیش تھیں، ٹیکس کلیکشن کسی بھی ملک کی معاشی سرگرمیوں کا ہی ایک حصہ ہوتا ہے لیکن یہان سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ لوگ ٹیکس دینا ہی نہیں چاہتے تاہم دیکھا جائے تو پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال میں ٹیکس کی کلیکشن اتنی بری بھی نہیں ہے ۔ملک میں معاشی سرگرمیاں کم ہونے کی وجہ سے ٹیکس کلیکشن میں شدید مشکلات کا سامنا تھاکیونکہ معیشت چلے گی تو ٹیکس اکٹھا ہوگا۔ شبرزیدی کی رخصت کے بعد ان کے کاموں کو جاری رکھنا مشکل ہوگا۔