ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں کی وقتی بندش کے باعث متعدد حج پروازیں منسوخ اور متاثر ہوئیں جس سے ہزاروں عازمین حج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق 7 مئی سے 9 مئی کے درمیان کل 13 حج پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا جن میں 4 پروازیں منسوخ جبکہ 9 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
سعودی ایئر لائنز کی دو حج پروازیں اسلام آباد اور لاہور سے منسوخ کی گئیں۔اسی طرح لاہور سے تین، اسلام آباد اور کوئٹہ سے دو، جبکہ ملتان اور کراچی سے ایک ایک پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔
پروازوں میں اس رکاوٹ کے نتیجے میں 3,080 عازمین حج کا شیڈول متاثر ہوا۔ تاہم زیادہ تر متاثرہ پروازیں کچھ گھنٹوں کی تاخیر کے بعد روانہ ہو گئیں۔
ادھر 345 عازمین حج جو پرواز کی منسوخی کے باعث پیچھے رہ گئے تھے، انہیں آج اسلام آباد سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے۔ مزید 540 عازمین کو خصوصی پروازوں کے ذریعے اسلام آباد اور لاہور سے روانہ کیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کی سہولت کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن (0519216980) قائم کر دی ہے جس کے ذریعے حج پروازوں کے شیڈول سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
وزارت کی جانب سے تمام عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی حج پرواز سے متعلق معلومات کے لیے متعلقہ حج کیمپوں سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔