پاک بھارت کشیدگی ختم ہونے کے بعد خلیجی ممالک کی تقریباً تمام بڑی ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دیں۔
ان ایئرلائنز میں دبئی ایئر، ایمریٹس، ترکیش ایئر لائن، قطر ایئر ویز، الاتحاد، ایئر عربیہ اور گلف ایئر شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے اپنی پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔
اندرونِ ملک صورت حال کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد کم ہو کر صرف 50 رہ گئی ہے۔
پاکستانی سول ایوی ایشن اور متعلقہ ادارے حج آپریشن کو دوبارہ معمول پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ حجاج کرام کو وقت پر سعودی عرب روانہ کیا جا سکے۔
پیر کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر 23 پروازیں، لاہور ایئرپورٹ پر 13 پروازیں، جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر 15 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
گزشتہ دنوں ملک میں خراب موسم، تکنیکی مسائل اور فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے کئی بین الاقوامی اور ملکی پروازیں معطل یا منسوخ ہو چکی تھیں، خاص طور پر حج سیزن کی آمد کے پیش نظر ایئرلائنز کی معطلی نے زائرین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔
اب ایئرلائنز کی واپسی اور پروازوں کی بتدریج بحالی سے نہ صرف عمومی فضائی آمد و رفت معمول پر آ رہی ہے بلکہ حج آپریشن کی بحالی بھی ممکن ہو رہی ہے جس سے ہزاروں پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔