لندن: سوشل میڈیا ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کے پیش نظر پیغامات کے لیے ایک نیا آپشن پیش کردیا ہے، جس میں بھیجنے اور وصول کرنے والے کے فون سے پیغامات ازخود سات روز بعد غائب ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ فیس بک نے واپس ایپ استعمال کرنے والوں کے لئے ’ڈس اپیئرنگ مسیجز‘ کا آپشن پیش کیا ہے جسے دو ارب صارفین کی گفتگو خفیہ رکھنے کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ آپشن اس ماہ کے آخر تک تمام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
واٹس ایپ انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سات دن بعد میسج ازخود ختم ہونے کے آپشن کے تحت ذہنی سکون بھی ملے گا کہ گفتگو کا متن بر قرار نہیں رہے گا۔ تاہم صارفین چاہیں تو ٹیکسٹ اور تصاویر کے اسکرین شاٹ محفوظ رکھ پائیں گے۔مگریہ آپشن منتخب کرتے ہی پیغامات سات روزتک ہی دیکھیں جاسکیں گے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ کا جو بھی گروپ ایڈمن ہوگا اس کے پاس یہ آپشن ہوگا کہ وہ اسے ڈیلیٹ کرسکے اور یوں ہر انفرادی اکاؤنٹ کے ساتھ اس آپشن کو آن یا آف کیا جاسکے گا۔
اس حوالے سے چند ماہ قبل فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تمام پلیٹ فارم پر پرائیویسی کو بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں۔ اس آپشن کے بعد سے اگلے نئے پیغامات سات روزہ مہمان ہوں گے جبکہ پرانے پیغامات برقرار رہیں گے۔