لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کی مشہور و معروف اور سینئر اداکارہ فردوس بیگم برین ہیمرج میں مبتلا ہو کر انتقال کر گئی ہیں، ان کی طبیعت 3 روز قبل ناساز ہو گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ فردوس بیگم کے متعلق ذرائع کا کہنا ہےکہ 3 روز قبل معروف اداکارہ فردوس بیگم برین ہیمرج میں مبتلا ہوئیں جس کے بعد انہیں نجی ہسپتال داخل کرایا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق برین ہیمرج میں مبتلا فردوس بیگم کی حالت تشویشناک تھی جنہیں انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کے یونٹ میں رکھا گیا تھا۔ پنجابی فلم ہیر رانجھا میں مرکزی ہیروئن کا کردار نبھانے والی فردوس بیگم ماضی کی اہم اداکاراؤں میں شمار کی جاتی تھیں۔
فردوس بیگم نے اپنے کیرئیر کی ابتدا میں فلم فانوس میں کلاسیکل رقص کیا جن کا اصلی نام پروین تھا۔ رقص کے فن پر عبور رکھنے والی فردوس بیگم کو اپنے انداز کے باعث فلمی دنیا میں شہرت حاصل ہوئی۔
سن 1965ء میں اداکارہ فردوس نے ملنگی نامی فلم میں لیڈ رول کیا جو لاہور کے سینما اوڈین میں 2 بار گولڈن جوبلی میں کامیاب رہی جسے ایک ریکارڈ کی حیثیت حاصل ہے۔ ابتدا سے ہی اداکارہ فردوس نے اداکار اکمل کے ساتھ سب سے زیادہ فلمیں کیں۔
اداکارہ فردوس بیگم نے کم و بیش 160 فلمیں کیں جن میں سے 20 اردو، 30 سے زائد پنجابی جبکہ 3 پشتو فلمیں بھی شامل ہیں۔ اداکارہ فردوس بیگم نے اپنے سوگواران میں 2 بیٹے اور1 بیٹی چھوڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اردو کے مشہور و معروف شاعر جون ایلیاء کی 89ویں سالگرہ