اسلام آباد: سینیٹ کی 50ویں سالگرہ کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز بدھ سے ہوگا جو 17 مارچ تک جاری رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ایوانِ بالا کی 50ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز کل 15 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔ 3 روزہ تقریبات کے دوران شجر کاری سمیت مختلف سرگرمیاں سرانجام دی جائیں گی۔
صدرِ مملکت عارف علوی نے سینیٹ کا اجلاس کل طلب کر لیا
تین روزہ تقریبات کے دوران یادگاری مہر اور سکے کا اجراء بھی عمل میں لایا جائے گا۔ سینیٹ کے ترانے کی رونمائی بھی کی جائے گی۔ اراکینِ سینیٹ، سرکاری اعلیٰ حکام اور سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 13 جنوری کو سینیٹ کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدرِ مملکت کی جانب سے سینیٹ کا اجلاس صبح ساڑھے 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کرتے ہوئے تمام سینیٹرز کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت جاری کی گئی۔
بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سینیٹ اجلاس کے دوران قانون سازی کے ساتھ ساتھ قومی و بین الاقوامی نوعیت کے حامل امور پر تبادلۂ خیال کیے جانے کی توقع کی جارہی تھی۔