کراچی: پاکستان آرچری فیڈریشن (پی اے ایف) نے 22 ویں ایشین تیر اندازی چیمپئن شپ 2021 کے لیے یکطرفہ طور پر تین تیر اندازوں کا بغیر ٹرائل کے انتخاب کیا ہے۔
فیڈریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جس کی کاپی ایم ایم نیوز نے حاصل کرلی ہے، حافظ عبدالرحمان (پاکستان واپڈا) ، اسامہ مصطفیٰ (پاکستان پولیس) اور ندیم احمد (پاک فوج) کو مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ پی اے ایف مالی مشکلات کا شکار ہے۔ ہمیں پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) سے فنڈز نہیں مل رہے، لہٰذا ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے ڈیپارٹمنٹ کے کھلاڑی کو اسپانسر کریں تاکہ وہ مقابلے میں حصہ لے سکیں۔
اس حوالے سے ایم ایم نیوز نے جب پی اے ایف کے سیکرٹری جنرل ذوالفقار علی بٹ سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری وبائی مرض کووڈ 19 کی وجہ سے فیڈریشن کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے اوپن ٹرائل نہیں کرا سکی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ مذکورہ بالا کھلاڑیوں کو کیوں منتخب کیا گیا تو سیکرٹری جنرل نے یقین دلایا کہ کھلاڑیوں کو پاکستان کی 33 ویں قومی گیمز 2019 میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔
ذوالفقار علی بٹ کا کہنا تھا ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا کھلاڑی ایشین چیمپئن شپ کے لیے بنگلا دیش جا رہے ہیں یا نہیں ، کیونکہ “فیڈریشن مالی بحران کا شکار ہے۔”
سلیکشن کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں ذوالفقار علی بٹ نے زور دے کر کہا کہ اگر ملک کا کوئی کھلاڑی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں حصہ لینا چاہتا ہے تو کھلاڑی کا اپنے متعلقہ علاقائی تیر اندازی کے ادارے میں رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔
دریں اثنا ، سابق قومی تیر انداز اور بین الاقوامی تیر اندازی کے کوچ حسن عبداللہ نے کہا کہ پاکستان تیر اندازی فیڈریشن نے جان بوجھ کر اوپن ٹرائل نہیں کرائے اور انتخابی معیار پر غیرضروری سمجھوتہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فیڈریشن دوسرے تیر اندازوں کو موقع نہیں دے رہی۔
حسن عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے طالب علموں نے رجسٹریشن کے عمل میں حصہ لینے کے لیے “سندھ آرچری ایسوسی ایشن” کا دورہ کیا اور کئی ای میلز بھیجی، تاہم ، ایسوسی ایشن نے ای میلز کا جواب نہیں دیا۔
حسن عبداللہ ، جو “قائداعظم آرچری ڈویلپمنٹ اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن” کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ اگر پی اے ایف کھلاڑیوں کی مدد نہیں کر پا رہی تو ان کی ایسوسی ایشن پاکستان کے تیر اندازوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کی مالی مدد کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور ہائی کورٹ نے کالعدم ٹی پی ایل کے سربراہ کی نظربندی کو کالعدم قرار دے دیا