نجی اسکولوں کی فیس میں 2017کےبعدکیاجانےوالااضافہ کالعدم قرار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے 2017کےبعدسےنجی اسکولوں کی فیس میں کیےگئےاضافے کوکالعدم قراردےدیا،عدالت نےحکم دیا کہ نجی اسکول 2017والی فیس وصول کریں۔

سپریم کورٹ نے  نجی اسکول کی فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئےفیسوں میں 2017 کے بعد ہوئے اضافے کو کالعدم قرار دے دیا، فیصلے کے مطابق نجی اسکولوں نے 2017 سے خلاف قانون فیس میں بہت زیادہ اضافہ کیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی جس کا 69 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس اعجازلحسن نے تحریر کیا ہے۔

عدالت نے نجی اسکولوں کی فیس میں 2017 کے بعد ہوئے اضافے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نجی اسکولوں کو2017والی فیس وصول کرنے کا حکم دیا ہے،  فیصلے میں کہاگیا ہے کہ نجی اسکول2017والی فیس وصول کے کرنے کے مجاز ہوں گے، جبکہ والدین سے وصول کی گئی اضافی فیس آئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کی جائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق اسکولوں کی فیس کی ری کیلکولیشن کی نگرانی متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کرے گی۔ متعلقہ اتھارٹی کی منظور شدہ فیس ہی والدین سے لی جاسکے گی۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ حکم بھی دیا ہے کہ اسکول فیس کے حوالے سے شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی سیل قائم کیا جائے۔

فیصلے میں جسٹس فیصل عرب نے اختلافی نوٹ تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالانہ فیسوں میں 5 فیصد اضافے کی حد مقرر کرنا مناسب نہیں، فیسوں میں سالانہ 8 فیصد اضافہ کرنا زمینی حقائق سے مطابقت رکھتا ہے۔