ریاض:سعودی عرب میں کورونا وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث سعودی حکومت نے مقامی اور غیرملکیوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔انتباہ میں حتیاطی تدابیر پر ہر صورت عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودیہ میں 7 ماہ بعد پہلی بار کورونا کے نئے مصدقہ کیسز 700 کی حد سے عبور کرگئے، اسی کے پیش نظر وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے خصوصی انتباہی پیغام جاری کیا ہے۔
وزیرصحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کورونا کیسز میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ اگر کورونا کیسز میں کمی ریکارڈ بھی کی گئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ احتیاطی تدابیر کو ترک کردیا جائے۔ یہ کوئی پیمانہ نہیں ہے۔
انتباہی پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہم اب بھی منفی عمل سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں، شروعات خود سے کریں اور پھر اپنے اطراف کے لوگوں سے حفاظتی ماسک، سماجی فاصلے اور دیگر احتیاط کی تلقین کریں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں جمعہ 2 اپریل 2021 کو کورونا کے 728 نئے کیسز ریکارڈ پر آئے تھے۔جس کے بعد حکومت کی جانب سے سخت اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔