لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ کیپینگ کے لیے پہلا انتخاب سر فراز احمد ہوں گے، فیصلہ حالات کو دیکھتے ہوئے کریں گے۔
کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ کا بے چینی سے انتظار ہے، بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کے منتظر ہیں، کرکٹ کے لیے فٹنس بہت ضروری ہے، ہم پُرامید ہیں، کافی ٹائم بعد کرکٹ دوبارہ شروع ہورہی ہے، ٹیم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، ورلڈکپ کے لیے تیاریاں جاری ہیں، ٹیم کی فٹنس پر کام ہورہا ہے۔
دورہ سری لنکا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا گزشتہ دورے پر بھی سر ی لنکا نے اچھی پرفارمنس دکھائی، ہم نے سری لنکا کی کنڈیشنز کے حساب سے تربیتی کیمپ میں حصہ لیا، فٹنس کے لیے بیک ٹو بیک کرکٹ ضروری ہے، کوشش ہوگی کہ بہترین کرکٹ کھیلیں۔
پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل، ذکاء اشرف چیئرمین مقرر
بابر اعظم نے مزید کہا کہ ہم نے بیٹنگ اور باؤلنگ پارٹنر شپ پر کام کیا ہے، اسپن اٹیک سے نمٹنے کی حکمت عملی بنائی ہے، ترجیح یہ ہی ہوگی کہ ہمیں میچ جیتنا ہے، کبھی کبھی ہمیں دفاعی پوزیشن میں بھی کھیلنا ہوتا ہے، سری لنکا میں پچ سلو ہے، اسپنرز کو مدد ملے گی، نیا سیزن شروع ہورہا ہے ہم کافی مثبت ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق سوال پر بابراعظم نے کہا کہ بورڈ میں کون آرہا کون جارہا ہے ہمارا اس پر فوکس نہیں، ٹیم میں جہاں کچھ خامیاں ہیں انہیں دور کررہے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ کیپینگ کے لیے پہلا انتخاب سر فراز احمد ہوں گے، فیصلہ حالات کو دیکھتے ہوئے کریں گے۔