لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ انتظامیہ ثقلین مشتاق کو ہائی پرفارمنس کوچ تعینات کرنا چاہتی تھی تاہم مالی معاملات طے نہ ہو سکے جس پر ثقلین نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی کو بھیج دیا۔
ثقلین مشتاق نے گزشتہ برس بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، مذکورہ پیش رفت کے بعد ثقلین مشتاق بطور عبوری کوچ کام کر رہے تھے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے ڈائریکٹر وسیم اکرم اور پشاور زلمی کے دو کھلاڑیوں وہاب ریاض اور حیدر علی کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے صرف دو روز قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کے روز تصدیق کی کہ پشاور زلمی کے کورونا وائرس مثبت کھلاڑیوں کی تعداد چار ہو گئی ہے، فرنچائز کے کامران اکمل اور ارشد اقبال بھی کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں، ان کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق تبدیلی عارضی ہوگی اور تبدیل کیے گئے کھلاڑی آئسولیشن مکمل کرنے اور پی سی آر کے منفی نتائج موصول ہونے کے بعد دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے ڈائریکٹر وسیم اکرم کا بھی لیجنڈز لیگ سے واپسی کے بعد کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آگیا۔ فرنچائز کے نمائندے نے رائے دی کہ کراچی کنگز کسی بھی COVID ٹیسٹ کے نتائج کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکتی۔
مزید پڑھیں: ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کردیاگیا