ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر جمع اپنے پرستاروں سے ایک منفرد انداز میں ملاقات کی، جہاں وہ ہمیشہ کی طرح دھوم دھام یا شوخی کے ساتھ نہیں بلکہ عاجزی اور سنجیدگی کے ساتھ نمودار ہوئے۔
یہ موقع تلخ و شیریں جذبات سے لبریز تھا کیونکہ یہ ملاقات سلمان خان کی نئی فلم ’’سکندر‘‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد ہوئی۔ یہ فلم ان کے تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد مرکزی کردار میں واپسی کا اعلان سمجھی جا رہی تھی مگر توقعات کے برعکس فلم شائقین کو متاثر نہ کر سکی۔
مداحوں کو ’’سکندر‘‘ کا بے چینی سے انتظار تھا کیونکہ یہ فلم پہلی بار سلمان خان اور مشہور ہدایتکار اے آر مروگادوس کے درمیان اشتراک اور اداکارہ رشمیکا مندانا کے ساتھ کام پر مبنی تھی۔ فلم کے ابتدائی پروموز میں ہوائی جہاز میں شوٹ کیا گیا ایکشن سیکوئنس خاص طور پر توجہ کا مرکز بناجس سے توقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا۔
جب فلم سینما گھروں میں پہنچی تو کہانی کا ربط، کمزور ولن اور الجھی ہوئی ایڈیٹنگ نے شائقین کو مایوس کر دیا۔ فلم کا آغاز جس امید سے ہوا تھاوہ جلد ہی ایک بکھری ہوئی اور غیر مربوط کہانی میں بدل گیایہاں تک کہ سلمان خان کی موجودگی بھی فلم کو بچا نہ سکی۔
فلم کی ناکامی کے بعد، تنقید کا نشانہ زیادہ تر ہدایتکار بنے اور سلمان کی ’’کامیاب واپسی‘‘ کا چرچا چند دنوں میں ہی دم توڑ گیا۔ مگر اس سب کے باوجود، سلمان خان نے پیچھے ہٹنے کے بجائے اپنے مداحوں کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق، 6 اپریل کو سلمان خان نے ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر مداحوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے نہ صرف ان کی باتیں سنیں بلکہ وعدہ کیا کہ وہ آئندہ بہتر اسکرپٹس اور مضبوط کہانیوں پر مبنی فلموں میں کام کریں گے۔