ہالی ووڈ فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کرنے والی معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی نے شادی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ دنوں سجل علی نے یوٹیوبر ردا خان کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے شادی اور محبت کے بارے میں گفتگو کی، اداکارہ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ زندگی گزارنے کیلئے شادی کرنا ضروری نہیں، میرے خیال میں عورت مرد کے بغیر بھی مکمل ہے۔
سجل علی کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی شخص کے ساتھ رہنا، اُس سے پیار کرنا ایک بہترین احساس ہے لیکن کوئی بھی عورت مرد کے بغیر نامکمل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے کہ میری رائے سے کچھ لوگوں کو اختلاف ہو لیکن مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مجھے کسی کے ساتھ کی ضرورت نہیں ہے۔
’دی کراؤن‘ کے بولڈ سین سے متعلق سوال، ہمایوں سعید شرماگئے، کیا جواب دیا؟
اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنا ہر دن بہت اچھا اور بھرپور گزارتی ہیں ۔ سجل علی اس وقت سنگل ہیں لیکن اس سے قبل اُن کی شادی اداکار احد رضامیر سے ہوئی تھی تاہم دوسال ساتھ رہنے کے بعد دونوں اداکاروں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
کام کے محاز پر سجل علی کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘کا دنیا بھر میں پریمیئر ہوا۔ فلم کی ہدایت کاری بھارتی ہدایت کارشیکھر کپور نے کی ہے اور اسے جمائما گولڈ اسمتھ نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کا پریمیئر پاکستان میں 3 مارچ کو کیا جائے گا۔