لاہور: پی ٹی آئی لانگ مارچ کی رپورٹنگ کے دوران المناک حادثے میں جاں بحق خاتون رپورٹر صدف نعیم کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں بڑی تعداد میں مشہورومعروف شخصیات شریک ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر صدف نعیم کی نمازِ جنازہ لاہور میں رات گئے ادا کردی گئی۔ جنازے میں سیاسی شخصیات اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کیا خاتون صحافی گارڈ کے دھکے سے گریں؟ ساتھی رپورٹرکا بیان
یاد رہے کہ اس سے قبل خاتون صحافی صدف نعیم کے لانگ مارچ کے دوران انتقال پر سابق وزیر اعظم عمران خان کنٹینر سے اتر آئے اور بعد ازاں لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور عمران خان سمیت ملک کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات نے خاتون رپورٹر صدف نعیم کے المناک حادثے میں انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے صدف نعیم کے انتقال پر تحقیقات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ صدف نعیم کا جن حالات میں انتقال ہوا، اس پر صحافی کا بیان شکوک کو جنم دیتا ہے۔ تحقیقات پنجاب حکومت کا فرض ہے۔
خاتون رپورٹر صدف نعیم کو عمران خان کا انٹرویو کرنے کے حوالے سے شہرت حاصل ہوئی۔ لانگ مارچ کی کوریج کے دوران صدف نعیم کی وائرل ویڈیو میں انہیں کنٹینر کے ساتھ دوڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔