اسلام آباد: روسی فیڈریشن کی وفاقی اسمبلی کی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینکو نے کہا ہے کہ مسلمان اور اسلام روسی فیڈریشن کا اَٹوٹ اَنگ ہیں، ہمیں پاکستان کیساتھ دوستی کے نئے افق کی تلاش ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر وفاقی اسمبلی رشین فیڈریشن نے دورۂ پاکستان کے موقعے پر سینیٹ اجلاس سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم روس پاکستان دوستی کے نئے افق کی تلاش میں ہیں، امید ہے پاکستان سے بھی مثبت پیش رفت ہوگی۔ دونوں ممالک سائنس، تعلیم اور تجارت کے ذریعے ایک دوسرے کی ثقافت مالا مال کرسکتے ہیں۔
خطاب کے دوران ویلنٹینا مٹوینکو نے کہا کہ پاکستان کی دنیا بھر میں ایک متوازن پوزیشن ہے، یہاں کے عوام اور رہنما گہت سے عالمی مسائل حل کرنے کیلئے دانشمندی کے ساتھ منفرد نقطہ نظر کے حامل ہیں، جس کا ثبوت کئی خطوں میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی جانب سے فعال شرکت کے ذریعے سامنے لایا جاسکتا ہے۔
اسپیکر وفاقی اسمبلی رشین فیڈریشن نے کہا کہ روس برکس گروپ میں پاکستان کی شمولیت کا داعی ہے جہاں دنیا کی بہتیرن خودمختار مملکتیں، ترقی کے ماڈلز، منفرد تہذیبیں اور مذاہب موجود ہیں۔ پاکستان پہلے ہی کثیر قطبیت کے نئے مرکز کی حیثیت اختیار کرچکا ہے اور یہ معروضی تاریخی عمل روکا نہیں جاسکتا۔
ویلنٹینا مٹوینکو کا کہنا تھا کہ مجھے علم ہے کہ پاکستانی سینیٹ ہماری اقدار سے مکمل طور پر اتفاق کرتا ہے، اس ضمن میں ہمیں بین الپارلیمانی یونین اور ایشین پارلیمانی اسمبلی کے علاوہ دیگر فارمیٹس سمیت کثیر جہتی فورمزپر قانون سازوں کے درمیان مزید گہرے تعلقات کی خواہش ہے۔ مستقبل میں ہمارا تعاون مزید منظم ہوگا۔