امریکی شہر نیو یارک کا مشہور ہوٹل روز ویلٹ آسیب زدہ ہے جہاں کمرہ نمبر 1408 میں بھوتوں کے بسیرے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیو یارک کا روز ویلٹ ہوٹل پی آئی اے انویسٹمنٹ کی ملکیت ہے جہاں ایک غیر ملکی پاکستانی دوستوں کے ہمراہ ٹھہرا جس کے بیان کے مطابق کمرہ نمبر 1408 میں بھوت اور روحیں بستی ہیں۔
ٹرپ ایڈوائزر نامی ویب سائٹ پر روز ویلٹ ہوٹل کا مہمان لکھتا ہے کہ جب میں کمرہ نمبر 1408 میں داخل ہوا تو ایک عجیب سا احساس ہوا جسے ہم نے وہم قرار دیتے ہوئے نظر انداز کیا لیکن غسل خانے میں لگا پردہ خود بخود اکٹھا ہونے لگا۔
ویب سائٹ پر شائع بیان کے مطابق مہمان نے یہ بات بھی وہم قرار دے کر مسترد کردی۔ ہوٹل 2 روز کیلئے بک کیا گیا جسے دیگر ہوٹلوں کی عدم دستیابی کے باعث مسلسل برداشت کرنا پڑا۔ بعد ازاں مہمانوں نے آسیب زدہ جگہوں پر تحقیق بھی کی۔
تحقیق کے بعد روزویلٹ ہوٹل کے مہمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ کمرہ بھوتوں کی مستقل قیام گاہ ہے جسے پی آئی اے انویسٹمنٹ نے 31 اکتوبر سے بند کرنے کا فیصلہ تو کیا تاہم بھوتوں کو کمرہ چھوڑنے کیلئے کوئی ہدایات جاری نہ کی جاسکیں۔
دوسری جانب روز ویلٹ ہوٹل کی گیسٹ ریلشنز کی ذمہ دار کرسٹینا کا تحریری بیان بھی سامنے آیا جس کے مطابق ہوٹل آسیب زدہ نہیں ہے۔ اسی نام کا روز ویلٹ ہوٹل ہالی ووڈ میں واقع ہے جس کی متعدد کہانیاں ہم نے بھی سن رکھی ہیں۔
کرسٹینا کے گزشتہ برس کے بیان کے مطابق کمرہ نمبر 1408 میں متعدد پاکستانی مشہور و معروف شخصیات قیام کرچکی ہیں جن میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وزیرِ خارجہ سرتاج عزیز اور آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار عبدالقیوم مرحوم شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیلی فورنیا میں جنگلات کی آگ کا نیا ریکارڈ،40لاکھ ایکڑاراضی تباہ