پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی والدہ کو ان کی سالگرہ کے موقع پر نئی پورشے کار کا تحفہ دیا ہے۔
ڈیلی میل کے مطابق رونالڈو کی والدہ ڈولورس ایویرو نے گزشتہ دن اپنی 69 ویں سالگرہ منائی جس کے لیے رونالڈو خصوصی طور پر سعودی عرب سے اپنے آبائی شہر ماڈیرا آئے تھے۔
اس حوالے سے ایکس پر رونالڈو کے فین اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں رونالڈو کی والدہ اپنے بیٹے اور پوتے سے نئی کار کا تحفہ وصول کر رہی ہیں۔
ویڈو میں دیکھا جا سکتا ہے رونالڈو کے بیٹے رونالڈو جونیئر نے سرخ فیتوں میں لپٹی نئی گاڑی اپنی دادی کے حوالے کی، جس پر وہ آبدیدہ ہوگئیں اور گاڑی میں بیٹھنے سے قبل اپنے پوتے کو گلے بھی لگایا۔
رونالڈو کی بہن کیٹیا نے انسٹاگرام پر اپنے بھائی کے والدہ کو تحفے کی تعریف کی۔ کیٹیا نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اگر ان کی والدہ خوش ہیں تو اس کی وجہ یہ تحفہ نہیں بلکہ اس لیے کہ ان کا بیٹا انہیں یاد رکھتا ہے۔
رونالڈو کی والدہ اپنے بیٹے کے فٹبال کیریئر کا اہم حصہ رہی ہیں۔ جون 2022 میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف پرتگال کی چار صفر سے جیت کے دوران رونالڈو نے ایک گول اپنی والدہ کے نام کیا تھا۔