کراچی:ملک بھر میں جہاں کھانے پینے کی عام اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، اسی تناظر میں سبزی فروش نے بھی ایک انکشاف کردیا ہے کہ شہر قائد میں ’خلائی ادرک‘ شہریوں کے لئے دستیاب ہے، جس کی قیمت ایک ہزار روپے کلو ہے۔
پورے پاکستان میں کھانے پینے کی عام اشیاء بشمول سبزیاں، دالیں، گوشت، انڈے، آٹا اور چینی وغیرہ اتنی زیادہ مہنگی ہوچکی ہیں کہ وطنِ عزیز کی تاریخ میں اس کوئی مثال موجود نہیں۔اس پہلے ایسا دیکھنے میں نہیں آیا۔
ایسے حالات پیدا ہوچکے ہیں کہ مختلف اشیاء کے ساتھ ساتھ کھانے میں استعمال ہونے والی ادرک کی قیمت صرف ایک ہفتے میں 640 روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 1,000 روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکی ہے۔
اس حوالے سے ایک خاتون نے دوران خریداری بتایا کہ جب انہوں نے سبزی والے سے ادرک کے بارے میں پوچھا تو اس نے کہا کہ وہ ادرک نہیں لایا کیونکہ سبزی منڈی میں ادرک کی قیمت ایک ہزار روپے فی کلوگرام پہنچ چکی ہے۔
مذکورہ خاتون نے پوچھا کہ کیا ادرک یورپ سے آنا شروع ہوگئی ہے؟ اس پر سبزی والے نے جواب دیا: ”نہیں باجی، ادرک آج کل خلاء سے آرہی ہے،کراچی میں تو خلائی ادرک فروخت کی جارہی ہے۔
کمشنر کراچی کی نام نہاد ”پرائس کنٹرول کمیٹی“ کسی کام کی نہیں، جس کی جو مرضی میں آتا وہ ریٹ مقرر کردیتا ہے، گراں فروشی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، سبزی منڈی میں بڑے مگر مچھوں کو پکڑنے کے بجائے گلی محلے کے عام سبزی فروشوں کے خلاف معمولی کارروائی کرلی جاتی ہے۔