کراچی:سیشن کورٹ نے سانحہ مہران ٹاؤن کیس میں فیکٹری مالکان کے ساتھ متعلقہ ادارے کو بھی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ متعلقہ اداروں کوشامل نہ کرنا جاں بحق افرادکے ساتھ نا انصافی ہوگی۔
بدھ کو سیشن کورٹ نے سانحہ مہران ٹاؤن کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر تحریری فیصلہ جاری کردیا جس میں فیکٹری مالکان کے ساتھ متعلقہ اداروں کو بھی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کوشامل نہ کرناجاں بحق افرادکیساتھ نا انصافی ہوگی،غفلت برتنے والے متعلقہ ادارے بھی حادثے کے ذمہ دار ہیں۔
عدالت نے کہاکہ رہائشی پلاٹ پرمتعلقہ اداروں کی بغیراجازت فیکٹری قائم کی گئی، محکمہ لیبر کا کوئی افسر کبھی دورے کیلئے نہیں آیا ،حادثے نے محکمہ لیبر ، ایس بی سی اے ،کے ایم سی کی کارکردگی بے نقاب کردی ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیاہے کہ بظاہر مختلف خامیاں اور کوتاہیاں حادثے کا سبب بنیں، اصولوں کے برخلاف تعمیرات،آگ سے بچاؤکے انتظامات نہیں تھے۔
دروازہ لاک تھا اور 16بے گناہ افراد جان سے گئے، فیکٹری کا دروازہ بند ہونا اہم وجوہات میں شامل ہے۔
مزید پڑھیں:انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کی جیل میں آگ لگ گئی، 41 قیدی جاں بحق، 72زخمی