کراچی :پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ، ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے حکومت کی جانب سے خسارے پر قابو پانے اور آمدنی بڑھانے کی کوششوں میں ضرورت سے زیادہ سرگرمیوں نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔
کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن نے دنیا بھر میں معیشت کو بٹھا دیا ہے مگر یہاں ٹیکس کے ناقابل حصول اہداف مقرر کئے جا رہے ہیں جس سے فائدے کے بجائے مزید نقصان ہو گا ۔
میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت خطے کے درجنوں ممالک کو بھی کئی دہائیوں سے خسارے کا سامنا ہے مگر انکی حکومتیں ہنگامی و انقلابی اورمتنا زع اقدامات کے ذریعے معیشت کو تلپٹ کرنے کے بجائے اس کا مناسب انتظام کر رہی ہیں اور ان ملکوں کی ترقی انکی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے ۔
ہم گزشتہ32 سالوں میں ادائیگیوں کو متوازن رکھنے اور دیوالیہ پن سے بچنے کے لئے 13 بارآئی ایم ایف سے قرضہ لے چکے ہیں جبکہ اسی دوران سری لنکا نے چھ بار، بنگلہ دیش نے چار بار اور بھارت نے صرف ایک بار قرضہ لیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان ممالک کی اکنامک مینجمنٹ پاکستان سے بدرجہا بہتر ہے ۔
بھارت کے علاوہ امریکہ اور برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک بھی 1990 سے کرنٹ اکاءونٹ کے زبردست خسارے کا شکار ہیں مگر ان مسائل نے انکے اوسان خطا نہیں کئے۔
مزید پڑھیں:ایف پی سی سی آئی نے کمرشل امپورٹرز کے مسائل حل کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا