راولپنڈی میں پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث 42 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کا تعلق 13 مختلف گروہوں سے ہے، ملزمان کے قبضے سے 61 لاکھ کی رقم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے دوران منظم اور متحرک گینگز کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور نقب زنی میں ملوث مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کا کارنامہ، گھر سے لاپتہ 4 کمسن بچیاں والدین کے حوالے
بیان کے مطابق پولیس نے نقب زنی اور چوری سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث 13 جرائم پیشہ گروہوں کے 42 ملزمان کو حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے چوری کی گئی اور چھینی گئی رقم 61 لاکھ 64ہزار900 روپے برآمد ہوئی۔
راولپنڈی پولیس کی رواں ماہ کے دوران منظم و متحرک گینگز کے خلاف کاروائیاں۔ ڈکیتی، رابری،سٹریٹ کرائم،نقب زنی اورچوری کی وارداتوں میں ملوث 13 گینگز کے 42ملزمان گرفتار، مسروقہ رقم61لاکھ64ہزار 900روپے، 02 ٹن سے زائد سریا 08موٹر سائیکلز، 05موبائل فونز اور 05پسٹل معہ ایمونیشن برآمد۔ pic.twitter.com/v4JaN9ytQ0
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) March 26, 2022
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے چرایا گیا 2 ٹن سے زائد سریا، 8 موٹر سائیکلز، 5 موبائل فونز اور 5 پستول اور ایمونیشن برآمد ہوا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف الزامات پر مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے گھر سے لاپتہ ہونے والی 4کمسن بچیوں کو تلاش کرکے والدین کے حوالے کردیا۔ بچیوں کی عمریں 3 سے 8سال کے درمیان تھیں۔
رواں ماہ 17 مارچ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ معلومات کے مطابق راولپنڈی میں ریس کورس سے 3 سال، 4، 6 اور 8 سال کی 4 بچیاں لاپتہ ہو گئی تھیں۔