راولپنڈی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں گاڑی مالکان سے دھوکہ دہی کا انکشاف سامنے آیا ہے جہاں ایجنٹ مافیا کا راج ہے جو عوام کو دفتر میں داخل ہوتے ہی گھیر لیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں ایجنٹ مافیا نے جڑیں مضبوط کر لیں۔ گاڑی نئی رجسٹریشن یا ٹرانسفر والی یا دیگر ٹیکسز ادا کرنے ہوں تو یہ ایجنٹ مافیا آپ کو آتے ہی گھیر کر پیسے بٹورنے کی کوشش کرتا ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں گاڑی مالکان کے ساتھ دھوکہ دہی کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔جعلی مہروں کے ذریعے ٹوکن لگا کر دے دئیے جاتے ہیں۔اس حوالے سے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عہدیدار نے ایم ایم نیوز سے گفتگو بھی کی۔
دورانِ گفتگو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عہدیدار نے کہا کہ مافیا بہت ہی مضبوط ہے جو نہ ہونے والے کام بھی کردیتے ہیں۔ ای ٹی او کا کہنا تھا کہ ہم نے متعدد بار ایجنٹ مافیا پر مقدمات درج کرائے لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوسکا۔
ای ٹی او اس حوالے سے مزید سوالات کا خاطر خواہ جواب نہ دے سکے تاہم ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سب کچھ اعلیٰ افسران کی ملی بھگت سے ہوتا ہے۔ ای پیز سافٹ وئیر کے ذریعے ٹیکسز ادا کیے جاتے ہیں۔
مذکورہ اہلکار کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر سافٹ وئیر مکمل طور پر کام چھوڑ چکا ہے۔ لوڈ کی وجہ سے ہزاروں صارفین جو لاکھوں روپے کے ٹیکسز ادا کرنا چاہتے ہیں، ادائیگی نہیں کر پا رہے۔ پنجاب حکومت کروڑوں روپے کا ریونیو وصول نہیں کر پا رہی۔
اہلکار نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث دفاتر میں بے پناہ رش ہے۔ صارفین بے حد پریشان ہیں۔، عوام کا کہنا ہے کہ ہماری ایجنٹ مافیا سے جان چھڑائی جائے اور سافٹ وئیر (ای پیز سسٹم) اپ گریڈ کیا جائے یا ٹوکن ٹیکس نقد وصول کیا جائے تاکہ ہماری مشکلات کم ہوسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہری کو حبس بےجا میں رکھنے پر سی ڈی اے افسر کے خلاف مقدمہ درج