جے یوآئی سندھ نے جیکب آباد تا کراچی عوامی حقوق کے لئے امن مارچ کرنے اور سندھ میں عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے فیصلہ کن جدوجہد پر اعلان کیا ہے۔
لاڑکانہ میں جے یو آئی سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ امن مارچ عوام کے حقوق کی تحریک ہے، عوام اپنے حقوق کیلئے ہرصورت نکلیں جمعیت علماء اسلام ان کی آواز بنے گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نومبر 2023 کو جے یوآئی سندھ کے سابق سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو شہید کی یاد میں قومی کانفرنس لاڑکانہ میں ہوگی، اس قومی کانفرنس میں سندھ کی اہم اور بااثر شخصیات جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں:
برطانیہ میں ریکارڈ توڑ گرمی، اموات کی تعداد میں اضافہ
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے کیونکہ بروقت اور صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہی عوامی مسائل کا حل ہے، انتخابات کے اعلان کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کو یقینی بنائیں، جے یو آئی انتخابات کے لئے مکمل تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت ہے کہ سندھ کے عوام کو سندھ پر مسلط زرداری مافیا سے نجات دلائی جائے اور عوام کو ایک مختلف سیاسی جماعتوں پر مشتمل الائنس کے ذریعے متبادل پلیٹ فارم مہیا کیا جائے جس میں سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کو شامل کیا جائے گا۔
اجلاس میں سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف کچے میں ڈاکو راج کو ختم کرنے کے لئے رینجرز کی مدد سے آپریشن کے فیصلے پر مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ رینجرز کے عارضی آپریشنز کے بجائے سندھ پولیس کو اختیارات دیئے جائیں اور ان کو جدید اسلحہ فراہم کیا جائے تاکہ ڈاکو راج کا مستقل خاتمہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز آپریشن کے ذریعے مقامی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کے نتیجے میں کئی ناخوشگوار واقعات جنم لیتے ہیں، اجلاس کے شرکاء نے سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف قرار داد بھی پاس کی اور ٹھل میں ڈکیتی کی واردات میں نوجوان حافظ معظم کے قتل کی پرزور مذمت کی اور حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس جے یوآئی سندھ کے قائم مقام امیر مولانا محمد صالح الحداد کی صدارت میں ہوا، جس کی میزبانی اجلاس کی میزبانی ضلع لاڑکانہ کے امیر اور جامعہ اسلامیہ کے مہتمم علامہ ناصر خالد محمود سومرو نے کی، اجلاس میں مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، مولانا سراج احمد امروٹی، مولانا سائیں عبدالمجیب قریشی، مولانا منظور احمد سومرو، مولانا میرمحمد میرک، عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری، مولانا سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبداللہ سومرانوی، عبدالمالک ٹالپر، تاج محمد ناہیوں، محمد غیاث، امین اللہ، سمیع الحق سواتی، سراج احمد چنہ، محمد صالح اندھڑ، غلام سرور بلیدی ایڈوکیٹ، مولانا فتح محمد، سید حماداللہ شاہ، سید اکبر ہاشمی، شرف الدین اندھڑ و دیگر نے شرکت کی۔